منگل 24 دسمبر 2024 - 18:53
پاراچنار میں ظلم و ستم اور جبر کے سلسلے کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کیلئے مضبوط اور دوٹوک پالیسی بنائی جائے

حوزہ / علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: پاراچنار میں ظلم و ستم اور جبر کے سلسلے کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کیلئے مضبوط اور دو ٹوک پالیسی بنائی جائے جو وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق ہو اور امن و امان کی بحالی کی نوید لے کر آئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاراچنار میں گذشتہ دنوں دو نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا: گزشتہ رات پاراچنار میں سفاک، انسانیت دشمن اور بے رحم دہشتگردوں نے دو افراد کے گلے کاٹ دیئے؛ جس سے علاقے میں خوف و وہراس اور دہشت کا عالم ہے۔

انہوں نے کہا: ضلع بھر میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ ان دو افراد کو پاراچنار کے راستے میں ذبح کیا گیا، صوبائی حکومت کے ترجمان نے دو روز قبل راستوں کی بندش پر بیان جاری کیا تھا اور دعوی کیا کہ وہ چند گھنٹوں میں راستہ کھول سکتے ہیں۔

پاراچنار میں ظلم و ستم اور جبر کے سلسلے کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کیلئے مضبوط اور دوٹوک پالیسی بنائی جائے

علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا: حکومتی ترجمان جہاں عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں وہیں خارجی دہشتگردوں نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے۔ راستے بدستور بند ہیں۔ صوبائی و وفاقی حکومت کی بے حسی اور غفلت بھی واضح ہے۔ سکیورٹی ادارے اور متعلقہ ایجنسیاں بھی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا: میں ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ پاراچنار کے شہریوں کو پاکستان کا شہری تسلیم کیجئے۔ ظلم و ستم اور جبر کے اس سلسلے کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کیلئے مضبوط اور دوٹوک پالیسی بنائی جائے جو وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق ہو اور امن و امان کی بحالی کی نوید لے کر آئے۔ میں پاراچنار کی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ ہوں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha